کمر کی انجری کا شکار ہونے والے بھارتی ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی انگلینڈ میں کامیاب سرجری ہو گئی ہے۔ ہاردک پانڈیا نے اپنی سرجری اسی ڈاکٹر سے کروائی ہے جنہوں نے 2018 میں بھارت کے دورہ انگلینڈ اور ورلڈکپ 2019 کے دوران ان کا علاج کیا تھا۔ ہاردک پانڈیا کافی عرصے سے کمر کی تکلیف کا شکار تھے۔
ہاردک پانڈیا نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ سرجری کے میں نے تھوڑا تھوڑا چلنا شروع کر دیا ہے اور پوری طرح فٹ ہونے کے لیے میرا سفر اب شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے نیک خواہشات کا پیغام بھیجنے والے تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انجری کی وجہ سے ہاردک پانڈیا کو ساؤتھ افریقہ کے خلاف جاری تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے منتخب نہیں کیا گیا تھا۔ وہ نومبر میں بنگلہ دیش کے خلاف ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی نہیں کھیل سکیں گے۔