سری لنکا کے سابق کرکٹر رسل آرنلڈ بھی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کمینٹری کے فرائض انجام دینے کے لیے پاکستان پہنچے۔ رسل آرنلڈ نے لاہور میں اپنے دوستوں سے ملاقاتیں کیں اور لاہوری کھانوں سے خوب محظوظ ہوئے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ لاہور ہمارے پسندیدہ شہروں میں سے ایک شہر ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل رسل آرنلڈ واہگہ بارڈر بھی گئے جہاں وہ پریڈ سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ پرچم اتارنے کی تقریب کی ویڈیو اپلوڈ کرتے ہوئے رسل آرنلڈ نے کہا کہ واہگہ بارڈر پر جانے تجربہ شاندار رہا۔
انہوں نے پنجاب رینجرز کے جوانوں کے ساتھ لی گئی تصاویر بھی ٹویٹر پر شیئر کیں اور ان کی تعریف کی۔ سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ گفتگو بہت اچھی رہی جبکہ چائے بھی بہت اعلیٰ تھی۔