بھارت اور ساؤتھ افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا آغاز ہو چکا ہے جس میں بھارت ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کر رہا ہے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل ساؤتھ افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بولرز بھارت کے فاسٹ بولر محمد شامی سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ محمد شامی ہر گیند وکٹوں پر کرواتے ہیں، بولنگ کے نظریے سے ہمیں یہ بات یقینی بنانی ہو گی کہ ہم یہ کام ان سے بہتر کریں۔ ساؤتھ افریقی کپتان نے کہا کہ میں نے ٹیم کے ایک نوجوان بولر سے بات کی ہے کہ وہ شامی کی بولنگ کو اچھی طرح دیکھ کر ان سے سیکھے۔ انہوں نے کہا کہ محمد شامی کریز کے کس اینگل سے بولنگ کرتے ہیں اور ریورس سوئنگ کیسے کرتے ہیں، ہمارے بولرز کو یہ دیکھنے کی ضرورت ہے۔ فاف ڈوپلیسی نے مزید کہا کہ شدید گرمی میں بھی محمد شامی پوری جان سے بولنگ کر رہے ہوتے ہیں۔