سری لنکا کرکٹ کے سیکرٹری موہن ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ سینیئر پلیئرز کا پاکستان نہ آنا ہمارے لیے اچھا ثابت ہوا کیونکہ ہمیں اس دورے سے اچھے نوجوان کھلاڑی مل گئے ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں موہن ڈی سلوا نے کہا کہ ہم جانتے تھے کہ بہت سے کھلاڑی ہیں جو موقع کے انتظار میں ہیں اور ان نوجوان کھلاڑیوں نے ثابت کر دیا کہ وہ کتنے باصلاحیت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب سینیئر کھلاڑیوں کے لیے ٹیم میں جگہ بنانا مشکل ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ ٹیم بھیجنے سے متعلق بھی مثبت سوچ رکھتے ہیں تاہم اس بارے میں اس وقت کوئی حتمی بات نہیں کی جا سکتی۔ سیکرٹری سری لنکا کرکٹ موہن ڈی سلوا سری لنکن سیکورٹی وفد کے ہمراہ پاکستان بھی آئے تھے اور انہوں نے سیکورٹی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا تھا۔