سری لنکن ٹیم نے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سویپ کر دیا ہے اور انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب سری لنکا نے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سئپ شکست دی ہو۔ اس سیریز سے قبل سری لنکا نے قومی ٹیم کے خلاف مختصرترین فارمیٹ کی سیریز بھی نہیں جیتی ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ پاکستان ٹیم کو تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں کسی بھی ٹیم کے خلاف پہلی مرتبہ کلین سویپ شکست سے دو چار ہونا پڑا ہے جبکہ اس سے قبل تین مرتبہ پاکستان کو دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف 2010 میں پاکستان کو دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں 0-2 سے شکست ہوئی اور ساؤتھ افریقہ کی ٹیم نے دو مرتبہ پاکستان کو دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا ہے۔