سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کے بعد قومی ٹیم کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ سری لنکن ٹیم کو ہم کمزور سمجھ رہے تھے لیکن حیرانی ہے کہ جس ٹیم نے گزشتہ چند سال میں بڑی ٹیموں کے خلاف کامیابی حاصل کی اسے اس طرح سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سیریز میں بہت بری کرکٹ کھیلی۔ مصباح الحق نے قومی ٹیم کی شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کا انتخاب میں نے کیا تھا اور میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔ ہیڈکوچ کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف شکست نے کئی سوال کھڑے کر دیے ہیں اور جلد ہی اس پریشانی کا حل ڈھونڈنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیریز سے قبل بات کر رہے تھے کہ نئے کھلاڑیوں کو موقع دیں لیکن اگر پاکستان کی اے ٹیم ایک ایسی ٹیم سے ہار جاتی ہے جس ٹیم میں اس کے اہم کھلاڑی ہی موجود نہیں تھے تو یہ ہمارے لیے بڑی پریشانی کی بات ہے۔