ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تو بھارتی ٹیم کی اوپننگ جوڑی زبردست پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ روہت شرما اور شیکھر دھون ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کرتے ہیں مگر ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کو اچھا آغاز ملنے میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔
اب بھارت کو ماینک اگروال کی صورت میں ایک اچھا اوپنر مل گیا ہے جنہوں نے لگاتار دو میچوں میں دو سنچریاں اسکور کی ہیں۔ وشاکاپٹنم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ماینک اگروال نے ڈبل سنچری اسکور کی اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے پونے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی شاندار سنچری اسکور کی ہے۔ وہ 108 رنز بنا کر کگیسو رباڈا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ماینک اگروال کی شاندار فارم پر بھارت کے سابق اور موجودہ کرکٹرز ان کی خوب تعریفیں کر رہے ہیں۔