پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے لیے دبئی پہنچ چکے ہیں۔ احسان مانی اور وسیم خان آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام سے بھی بات چیت کریں گے اور انہیں دورہ پاکستان کے لیے قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔ جنوری میں بنگلہ دیش اور گرین شرٹس کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز طے ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش ہے کہ یہ سیریز بھی پاکستان میں ہو۔ دوسری طرف پاکستان اور سری لنکن بورڈ حکام کے درمیان دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کے معاملے پر پیشرفت ہونے کا امکان ہے۔ پاکستان نے سری لنکن بورڈ کو آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دونوں ٹیسٹ میچز لاہور اور کراچی میں کھیلنے کی پیشکش کر رکھی ہے۔