نینشل ٹی ٹوئنٹی کپ کا آغاز کل سے فیصل آباد میں ہو رہا یے۔ 16 سالہ فاسٹ بولر نسیم شاہ ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جن پر سب کی نظر ہو گی۔ نسیم شاہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں کرکٹ کے مختصر فارمیٹ میں اپنا ڈیبیو کریں گے۔ تیز رفتار فاسٹ بولر حریف بیٹسمینوں کیلئے مشکل ترین بولر ثابت ہو سکتے ہیں۔ حارث رؤف ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کپ میں پہلی مرتبہ ایکشن میں ہونگے۔ انہوں نے پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ فاسٹ بولر نے قائد اعظم ٹرافی کے پہلے مرحلے میں 6 شکار کیے تھے۔ آل راؤنڈر عامر یامین قائد اعظم ٹرافی میں بھرپور فارم میں نظر آ رہے ہیں۔ عامر یامین نے ٹورنامنٹ میں 291 رنز اسکور کیے ہیں جبکہ بولنگ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ ٹی ٹوئنٹی کپ میں اپنی ٹیم کے لیے ٹرمپ کارڈ ثابت ہو سکتے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی کے ماہر بیٹسمین احسان علی پر بھی سب کی نظریں ہوں۔ انہوں نے گزشتہ پی ایس ایل سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے 178 رنز اسکور کیے تھے۔ نسیم شاہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کریں گے۔ حارث رؤف ناردرن ٹیم کی جانب سے ایکشن میں ہوں گے اور احسان علی سندھ کی طرف سے کھیلیں گے جبکہ عامر یامین ساؤتھ پنچاب کی نمائندگی کریں گے۔