بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر محبوب النعام نے اعلان کیا ہے کہ بنگلہ دیش پریمیر لیگ کے اگلے سیزن میں تمام ٹیمیں ایک غیرملکی فاسٹ بولر جو 140 کلو فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کر سکتا ہو اور ایک لیگ اسپنر کو ٹیم میں لازمی کریں گی۔ محبوب النعام نے بتایا کہ ہر ٹیم کا کوچ اور ٹرینر غیرملکی ہو گا جبکہ لوکل کوچز صرف اسسٹنٹ کی ذمہ داریاں انجام دے سکیں گے۔ ڈائریکٹر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ہم ٹی ٹوئنٹی میں اپنی ٹیم کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے بیٹسمینوں کے پاس موقع ہو گا کہ مشکل بولنگ لائن کے خلاف بیٹنگ کر کے اپنی صلاحیتوں میں نکھار لائیں جبکہ بولرز بھی غیرملکی کھلاڑیوں سے سیکھ سکیں گے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو آئندہ بی پی ایل سیزن کے ڈرافٹ کے لیے 390 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔