پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی نے سری لنکا کے چیف سلیکٹر کو بھی مشکل میں ڈال دیا ہے۔ سری لنکن ٹیم کے چیف سلیکٹر اشنتھا ڈی میل کا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں نے پاکستان کے خلاف زبردست کارکردگی دکھائی اور آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا انتخاب کرنا آسان نہیں ہو گا۔
چیف سلیکٹر نے کہا کہ پہلے ٹیم سلیکشن میں پریشانی ہوتی تھی لیکن اب چھ بیٹسمینوں کی جگہ ہمارے پاس 10 سے بھی زیادہ کھلاڑی موجود ہیں۔ بھنوکا راجپاکسہ اور اوشاڈا فرنینڈو نے اشنتھا ڈی میل کو سب سے زیادہ متاثر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کو پہلے کھیلتا دیکھا تھا لیکن دنیا کی نمبرون ٹیم کے خلاف ان کی کارکردگی سے بہت خوش ہیں۔ اشنتھا ڈی میل کا مزید کہنا تھا کہ اوشاڈا فرنینڈو کی بیٹنگ دیکھ کر مہیلا جےوردنے کی یاد آ گئی۔