پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف سیریز میں شکست کے بعد دورہ آسٹریلیا کی تیاری شروع کر دی۔ مصباح الحق نے ڈومیسٹک ہیڈکوچز جو سلیکٹرز کا کردار بھی ادا کر رہے ہیں ان سے کھلاڑیوں کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان رواں ہفتے کے آخر میں ہو گا۔ ذرائع کے مطابق سابق کپتان سلمان بٹ کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ کوچز نے عابد علی، امام الحق، سمیع اسلم، فواد عالم، عدنان اکمل اور محمد رضوان کے بارے میں چیف سلیکٹر کو مثبت رپورٹ دی ہے۔ بلاول بھٹی، راحت علی، وقاص مقصود، عمران خان سینئر اور موسیٰ خان کی رپورٹس بھی مثبت ہیں۔ آف اسپنر ولید احمد، لیفٹ آرم اسپنر محمد عرفان جیلر اور ظفر گوہر میں سے بھی کسی کی سلیکشن ہو سکتی ہے۔ چیف سلیکٹر و ہیڈکوچ مصباح الحق تمام کوچز کے ساتھ ملاقات کر کے حتمی مشاورت کریں گے۔