جارح مزاج اوپننگ بیٹسمین عمران نذیر نے امام الحق اور بابر اعظم کو قومی ٹیم کی قیادت کے لیے موزوں امیدوار قرار دے دیا ہے۔ عمران نذیر کا کہنا ہے سرفراز احمد گراؤنڈ میں دوسرے کھلاڑی کے کام میں بہت دخل اندازی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد کپتان ہے لیکن ایسا بھی نہیں ہوتا کہ ہر گیند پر بولر کو جا کر سمجھایا جائے۔ اوپننگ بیٹسمین کا کہنا تھا کہ اس وقت ہر اعتبار سے بابر اعظم ٹیم کے سب سے بہترین کھلاڑی ہیں اور اگر انہیں کپتان بنانا ہے تو دیر نہیں کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کے بعد امام الحق ایسے کھلاڑی ہیں جنہیں مستقبل میں کپتان بنایا جا سکتا ہے۔ عمران نذیر نے مزید کہا کہ کپتان کا فیصلہ پی سی بی کو کرنا ہے مگر میں سمجھتا ہوں کہ کپتان بننے کے لیے بہت تجربے کی ضرورت بھی ہوتی ہے۔