بھارت اور ساؤتھ افریقہ کے درمیان جاری تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری میچ 19 اکتوبر سے رانچی میں شروع ہو گا۔ میزبان ٹیم کو سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ دوسرے میچ میں بھارت نے ساؤتھ افریقہ کو ایک اننگز اور 137 رنز کی شکست سے دوچار کیا جس پر سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے مہمان ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
شعیب اختر نے کہا کہ ساؤتھ افریقہ کی پرفارمنس نے مایوس کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساؤتھ افریقی ٹیم پہلے ورلڈکپ 2019 میں ناکام ہوئی اور اب ان کی ٹیسٹ کرکٹ کا گراف بھی نیچے جا رہا ہے۔
سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ مجھے اس ٹیم میں طاقت نظر نہیں آتی، کپتانی اور پرفارمنس دونوں بہت مایوس کن تھیں۔ شعیب اختر نے ہوم گراؤنڈ پر لگاتار گیارہویں ٹیسٹ سیریز جیتنے پر بھارت کو مبارکباد بھی دی۔