پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ملک میں لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے روڈ ٹرپ کا اعلان کر دیا ہے۔ پہلا مرحلہ 21 اکتوبر سے ملتان میں شروع ہو گا جبکہ آئندہ تین ماہ کشمیر، کوئٹہ اور فاٹا میں بھی کام کیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے نئے ڈومیسٹک سسٹم کے بعد بے روزگار ہونے والے کرکٹرز کو یقین دلایا کہ وہ ان کا کیس پاکستان کرکٹ بورڈ کے سامنے اٹھائیں گے۔ سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ ملک کے حالات بہت برے ہیں، اچھا ہے کھلاڑی گاڑی چلا کر روزی کما رہے ہیں، ایسے لاکھوں لوگ بھی ہیں جن کے پاس کرنے کو کچھ ہے نہیں۔ کرکٹرز کی مدد کرنے کے سوال پر بوم بوم نے کہا کہ ابتداء میں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن بہت سے لوگوں کی انفرادی مدد کرتی رہی مگر اب ہم ایسا کام کر رہے ہیں جس سے کسی ایک شخص کو نہیں بلکہ کمیونٹی کو فائدہ ہو مگر پھر بھی میری فاؤنڈیشن کرکٹرز کی مدد پر غور کرے گی۔