سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناکام ہونے والے اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد کا بلا نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں رنز اگلنے لگا ہے۔ احمد شہزاد نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے ناردرن کے خلاف ناقابل شکست 111 رنز کی اننگز کھیل اپنی ٹیم کو اہم فتح دلائی۔
اوپننگ بیٹسمین نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی پانچویں سنچری اسکور کی اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے ویرات کوہلی کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔ ویرات کوہلی، کیمرون ڈیلپورٹ اور ڈوین اسمتھ نے بھی پانچ، پانچ سنچریاں اسکور کر رکھی ہیں۔
پاکستان کی طرف سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے کا اعزاز احمد شہزاد کو حاصل ہے۔ کامران اکمل نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں چار، بابر اعظم، مختار احمد اور خرم منظر نے تین، تین سنچریاں بنائی ہیں۔