پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے لاہور قلندرز کے ہیڈکوچ اور سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں پاکستان ٹیم اور مینجمنٹ کو تنقید کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ وقار یونس نے کہا کہ عاقب جاوید طول عرصے سے لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر/ہیڈکوچ ہیں اور ان کی ٹیم نے ایک مرتبہ بھی ٹاپ فور ٹیموں میں جگہ نہیں بنائی ہے۔ انہوں نے عاقب جاوید کو مشورہ دیا کہ وہ لاہور قلندرز کی پرفارمنس پر توجہ دیں۔ یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چار ایڈیشن ہو چکے ہیں اور لاہور قلندرز کی ٹیم نے مسلسل چار مرتبہ آخری پوزیشن حاصل کی۔ کچھ روز قبل عاقب جاوید نے قومی ٹیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ٹیم میں شامل نہیں کرنا چاہیئے تھا۔ انہوں نے مصباح الحق پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں دوہری ذمہ داری سونپ کر غلطی کی گئی ہے۔