دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی سلیکشن کمیٹی نے مشاورتی عمل شروع کر دیا ہے۔ دورہ آسٹریلیا کے حوالے سے فیصل آباد میں ایک میٹنگ کی گئی جس میں مصباح الحق، وسیم خان اور چھ صوبائی کوچز کے درمیان تفصیلی بات چیت ہوئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے آئندہ ہفتے ٹیم کا اعلان کرے گا۔ ذرائع کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل رنز کے انبار لگانے والے فواد عالم کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں موقع دیا جا سکتا یے۔ اس کے علاوہ سعد علی، عثمان صلاح الدین، عابد علی اور سمیع اسلم کا نام بھی زیرغور ہے۔ محمد عامر اور وہاب ریاض کی عدم دستیابی کی وجہ سے راحت علی، احسان عادل، محمد موسیٰ اور بلاول بھٹی کو بھی آزمایا جا سکتا ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کی سلیکشن کا فیصلہ ان کی فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔