پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی ناقص انفرادی کارکردگی کی وجہ سے انہیں ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی کپتانی سے علیحدہ کر کے ٹیم سے ڈراپ بھی کر دیا گیا ہے۔ سرفراز احمد کو ڈراپ کرنے کے بعد کراچی میں ان کے مداحوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور ان کی حمایت میں ایک مظاہرہ بھی کیا۔ شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے۔ مصباح الحق نے سرفراز احمد کے حوالے سے پریس کانفرنس میں کہا کہ احسان مانی، وسیم خان اور ان کی مشاورت کے بعد چیئرمین پی سی بی نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ کیا۔ مصباح الحق نے کہا کہ سرفراز احمد کے خلاف کوئی سازش نہیں کی گئی، ان کی انفرادی کارکردگی حالیہ عرصے میں اچھی نہیں رہی ہے، وہ فیلڈ پر بہت دباؤ کا بھی شکار تھے اور یہی وجہ ہے کہ انہیں ڈراپ کیا گیا۔ چیف سلیکٹر و ہیڈکوچ نے مزید کہا کہ سرفراز احمد کے لیے قومی ٹیم کے دروازے بند نہیں ہوئے، وہ ڈومیسٹک میں پرفارم کر کے ٹیم میں واپس آ سکتے ہیں۔