دورہ آسٹریلیا سے پہلے ہی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ سری لنکا کی طرح پاکستان کو آسٹریلیا میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا اور ہیڈکوچ کی جانب سے تشکیل نو کا بہانہ بنایا جائے گا لیکن مصباح الحق اپنی ٹیم کو لے کر خاصے پرجوش نظر آ رہے ہیں۔ ٹیم کے اعلان کے موقع پر مصباح الحق نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا سے پہلے ہمارا ٹارگٹ صرف اور صرف جیت ہے، اپنی ٹیم پر بھروسہ ہے جو آسٹریلیا میں کامیابی حاصل کرے گی۔ چیف سلیکٹر و ہیڈکوچ نے کہا کہ اگر آسٹریلیا کو شکست دینی ہے تو ہمیں آسٹریلیا کی طرح جارحانہ کرکٹ کھیلنا ہو گی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز تین نومبر سے شروع ہو گی جس کے بعد دو ٹیسٹ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔