پاکستان کے دراز قامت فاسٹ بولر محمد عرفان کو دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ محمد عرفان نے ٹیم میں واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ الحمداللہ، سب تعریفیں اللہ کے لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیم کا حصہ بننے پر فخر ہے۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ میں اپنے سینے پر ستارہ پہننے کے لیے مزید انتظار نہیں کر سکتا۔ محمد عرفان نے نوجوان فاسٹ بولرز نسیم شاہ، موسیٰ خان اور محمد حسنین کو بھی اسکواڈ کا حصہ بننے پر مبارکباد دی۔
محمد عرفان نے 20 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے جس میں انہوں نے صرف 15 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عرفان نے پاکستان کی جانب سے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 2016 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔