بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے بورڈ آف کنٹرول فور کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی صدارت سنبھال لی ہے۔ وہ بی سی سی آئی کے 39ویں منتخب صدر ہیں۔ اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سورو گنگولی نے سابق بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی کے مستقبل حوالے کے سے کھل کر گفتگو کی۔ سورو گنگولی نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا انحصار دھونی پر ہے، جب میں ٹیم سے باہر تھا تو ساری دنیا کہہ رہی تھی کہ میں دوبارہ کرکٹ نہیں کھیل سکوں گا لیکن میری ٹیم میں واپسی ہوئی اور میں نے مزید چار سال بھارت کی نمائندگی کی۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئز جلد ہار نہیں مانتے، مجھے نہیں پتا دھونی کے دماغ میں کیا چل رہا ہے یا وہ اپنے کیرئیر کے بارے میں کیا سوچ رہے ہیں لیکن ہم اس معاملے کو دیکھیں گے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر نے کہا کہ دھونی کرکٹ کا شمار دنیا کے عظیم کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، بھارت کو ان پر فخر ہے اور ان کی کامیابیوں پر ہر کوئی حیرانگی کا اظہار کرتا ہے۔