پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا دورہ آسٹریلیا بابر اعظم کی کپتانی کا آغاز ہو گا اور اس حوالے سے انہوں نے بڑا دعویٰ کر دیا ہے۔ بابر اعظم کا کہنا ہے ہماری کوشش ہو گی کہ آسٹریلیا کی طرح جارحانہ کرکٹ کھیلیں اور آسٹریلیا کو اسی کے اسٹائل میں جواب دیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم متوازن اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، فاسٹ بولنگ ہمارا ہتھیار ہے جس میں محمد عامر اور وہاب ریاض شامل ہیں جبکہ محمد عرفان کی بھی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ بابر اعظم نے مزید کہا کہ محمد موسیٰ کے ٹیم میں ہونے سے بڑا فائدہ ہو گا اور اس کی اسپیڈ سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا آغاز تین نومبر سے ہو گا۔