پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے اپنے فاسٹ بولرز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جتنا آسٹریلیا میں سیکھ سکتے ہیں اتنا کہیں نہیں سیکھ سکتے اسی لیے ہمارے فاسٹ بولرز کو یہ سوچنا چاہیے کہ ہم آسٹریلیا میں صرف کھیلنے نہیں جا رہے بلکہ سیکھنے اور جیتنے بھی جا رہے ہیں۔ وقار یونس نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ آسٹریلیا میں کرکٹ کھیلنے کے بعد ہمیں بولنگ کا آئیڈیا ہوتا ہے اور جب آسٹریلیا کے بعد ہم کسی دوسرے ملک میں کھیلتے ہیں تو کافی چیزیں آسان لگتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا کے لیے ہمارا پلان یہی تھا کہ ہم کچھ نوجوان پلیئرز کو کرکٹ کھیلنے کے علاوہ سیکھا کر بھی لائیں اور اتنے بڑے پلیٹ فارم پر جا کر اگر کوئی نیا کھلاڑی پرفارم کرے گا تو وہ ایک اسٹار بن جاتا ہے۔ وقار یونس نے آسٹریلیا سے جیتنے کا فارمولہ بتاتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا اپنی سرزمین پر اچھا کھیل پیش کرتے ہیں اور جارحانہ کرکٹ کھیلتے ہیں اسی لیے ہمیں بھی جیتنے کے لیے اسی طرز کی کرکٹ کھیلنے ہو گی۔