بیشتر انٹرنیشنل ٹیمیں مصنوعی روشنیوں میں گلابی گیند سے ٹیسٹ میچ کھیل چکی ہیں مگر بھارتی ٹیم نے اب تک ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا لیکن اب بھارتی ٹیم کی جانب سے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا گرین سگنل ملا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سورو گنگولی کا کہنا ہے کہ کپتان ویرات کوہلی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے راضی ہیں مگر اس کا انعقاد کب ہو گا یہ کہنا ابھی قبل ازوقت ہو گا۔ سورو گنگولی نے کہا کہ اب ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچز ہونے لگے ہیں، میں نے میٹنگ کے دوران ویرات کوہلی کو بتایا ہے کہ ٹیسٹ میچز میں زیادہ سے زیادہ شائقین کو گراؤنڈ میں لانے کا یہ اچھا طریقہ ہے جس سے انہوں نے اتفاق کیا۔ بھارتی ٹیم اپنی اگلی ٹیسٹ سیریز نومبر میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔