گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان قادر نے کہا کہ جب میں آسٹریلیا جا رہا تھا تو میرے والد نے خواہش ظاہر کی تھی کہ میں پاکستان کی نمائندگی کروں، ہر کوئی اپنے ملک کی نمائندگی کی خواہش کرتا ہے، میں بھی اپنے ملک کی نمائندگی کرنا چاہتا تھا اور میری خواہش تھی کہ پاکستان کا ستارہ میرے سینے پر لگا ہو۔
انہوں نے کہا کہ آج میں اپنے والد کو بہت یاد کر رہا ہوں، اگر وہ زندہ ہوتے تو انہیں مجھ پر بہت فخر ہوتا۔ لیگ اسپنر نے کہا کہ اپنی صلاحیتوں کے ثابت کرنے کے لیے مجھے مواقع نہیں مل رہے تھے، فیملی کے معاملات بھی خراب تھے اور میرے بھائیوں کو بھی پاکستان کی نمائندگی کا موقع نہیں ملا تھا۔
عثمان قادر نے مزید کہا کہ میرے والد چاہتے تھے کہ میں ہمیشہ مضبوط رہوں، انہوں نے ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کی اور چاہتے تھے کہ میں پاکستان کی طرف سے کھیلوں اور دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے میرا نام آیا تھا لیکن میں وہاں جا کر کھیل نہیں سکا تھا۔