سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سے سیریز سے قبل ہی آسٹریلوی ٹیم کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ فاسٹ بولر ایںڈریو ٹائی کہنی کی انجری کا شکار ہو کر سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ اینڈریو ٹائی کے سیریز سے باہر ہونے کے باوجود آسٹریلیا کو مچل اسٹارک، پیٹ کمنز، بلی اسٹانلیک اور کین رچرڈسن جیسے فاسٹ بولرز کی خدمات حاصل ہوں گی۔
اینڈریو ٹائی کے متبادل کے طور پر شین ایبٹ کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ شین ایبٹ دوسرے ٹی ٹوئنٹی سے قبل پیر کے روز آسٹریلوی اسکواڈ کو جوائن کر لیں گے۔ آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 30 اکتوبر اور آخری میچ یکم نومبر کو کھیلا جائے گا۔ سری لنکا کے بعد آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے۔