انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم آئندہ سال دو ٹیسٹ میچوں کے لیے سری لنکا کا دورہ کرے گی۔ سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 19 مارچ سے گال میں شروع ہو گا جہاں سری لنکا کو 2015 کے بعد سے اب تک صرف دو ٹیسٹ میچوں میں شکست ہوئی ہے اور اس میدان پر سری لنکا کو آخری شکست انگلینڈ کے ہاتھوں ہی ہوئی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا آغاز 27 مارچ سے کولمبو میں ہو گا۔ ٹیسٹ سیریز کے باقاعدہ آغاز سے قبل انگلینڈ کی ٹیم دو پریکٹس میچز بھی کھیلے گی۔ تین روزہ پریکٹس میچ 7 مارچ جبکہ چار روزہ فرسٹ کلاس میچ 12 مارچ سے شروع ہو گا۔
انگلینڈ کے دونوں پریکٹس میچز سری لنکا بورڈ پریذیڈنٹ الیون کے خلاف شیڈول ہیں۔