دورہ آسٹریلیا کے لیے 16 سالہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نوجوان فاسٹ بولر آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔ اگر انہیں کینگروز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کا موقع ملا تو وہ پہلے 16 سالہ فاسٹ بولر ہوں گے جو آسٹریلوی سرزمین پر ڈیبیو کریں گے۔ پاکستان ٹیم کے چیف سلیکٹر و ہیڈکوچ مصباح الحق کا خیال ہے کہ نسیم شاہ آسٹریلیا کے خلاف ہمارا سرپرائز پیکج ثابت ہو سکتے ہیں۔ مصباح الحق نے سڈنی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کی پچز پر نسیم شاہ کو اسپیڈ اور باؤنس کی وجہ سے کافی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی انہیں ٹیم میں کھیلتا دیکھنے کے لیے پرجوش ہے، وہ نئی اور پرانی گیند سے بہت اچھی بولنگ کر سکتے ہیں، وہ ایسا فرسٹ کلاس کرکٹ میں پہلے سے کر رہے ہیں۔