پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ٹیموں کا خاتمہ کر دیا گیا تھا جس کے بعد بورڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ ڈیپارٹمنٹس کے کھلاڑیوں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے سینیئر قومی کرکٹرز ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کو بچانے کے لیے میدان میں آ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سینیئر پلیئرز ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کو بچانے کے لیے اکٹھے ہیں۔ کرکٹرز نے پی سی بی کے اعلیٰ حکام کو اس حوالے سے اپنی تجاویز بھی پہنچا دی ہیں۔ سینیئر کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ختم ہونے سے بڑی تعداد میں کرکٹرز بےروزگار ہو رہے ہیں جبکہ نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کے تحت کھلاڑیوں کو روزگار کم ملا۔ سینیئر کھلاڑیوں نے بورڈ کو نئے اسٹرکچر کے ساتھ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ جاری رکھنے کا مشورہ دیا دیا جبکہ ڈیپارٹمنٹل ٹی ٹوئنٹی، ڈیپارٹمنٹل انڈر-23 اور تین روزہ کرکٹ کا انعقاد ممکن بنانے کی تجویز بھی دی۔ پی سی بی کے اعلیٰ حکام نے سینیئر کرکٹرز کو اس حوالے سے جلد جواب دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔