قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ میں ناردرن نے پہلی اننگز میں اوپنر ذیشان ملک اور عمر امین کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت سدرن پنجاب کے خلاف پہلے روز کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 384 رنز بنائے۔
ناردرن کے کپتان روحیل نذیر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ محض 41 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد نوجوان اوپنر ذیشان ملک اور نائب کپتان عمر امین نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔
دوسری وکٹ کے لیے ذیشان ملک اور عمر امین کے درمیان 343 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ذیشان ملک نے 27 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 204 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
بائیں ہاتھ کے بلے باز عمر امین 20 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 153 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سدرن پنجاب کی جانب سے میچ کے پہلے روز واحد وکٹ فاسٹ بولر راحت علی نے حاصل کی تھی۔