شرجیل خان کے مداحوں کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ جارحانہ بیٹسمین کی کرکٹ میں واپسی کی ایک اور رکاوٹ دور ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے شرجیل خان کو کلب کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ شرجیل خان نے پی سی بی اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ کے ری ہیب پروگرام میں ٹیسٹ پاس کیا اور اب انہیں مختلف شہروں میں لیکچرز دینا ہوں گے اور دیگر کرکٹرز کو فکسنگ کے راستے سے دور رہنے کی تلقین کرنا ہو گی۔ اس وقت شرجیل خان حیدرآباد میں طویل بیٹنگ اور فٹنس سیشن کر رہے ہیں اور واپسی کی تیاری میں مگن ہیں۔ اب وہ حیدرآباد میں ہی کلب کرکٹ بھی کھیلیں گے۔ پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں شرجیل خان پر 5 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔ شرجیل خان ایک ٹیسٹ، 25 ون ڈے اور 15 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔