میچ فکسنگ کے لیے بکیوں کی جانب سے ہونے والی آفرز کو رپورٹ نہ کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیش کے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شکیب الحسن پر دو سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔
آل راؤنڈر شکیب الحسن کی پابندی پر پاکستان ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ یہ تمام کھلاڑی اور ان لوگوں کے لیے ایک سبق ہے جو اس کھیل سے محبت کرتے ہیں۔
رمیز راجہ نے سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی اس کھیل کی عزت نہیں کرے گا یا پھر کرکٹ میں بنے قوانین کو نظر انداز کر کے اس سے بڑا بننے کی کوشش کرے گا تو وہ سزا کے لیے تیار رہے۔
انگلینڈ کے مائیکل وان نے شکیب الحسن کے بارے میں کہا کہ انہیں شکیب الحسن سے کوئی ہمدردی نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ موجود کرکٹ میں کھلاڑیوں کو خاص طور پر بتایا جاتا ہے کہ انہیں ایسے معاملات میں آئی سی سی کو رپورٹ کرنا ہے۔ مائیکل وان نے کہا کہ دو سال کی سزا کافی نہیں، زیادہ ہونی چاہیے۔