آئندہ ماہ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز شیڈیول ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے نئے صدر سرو گنگولی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی پیشکش کی تھی۔ بنگلہ دیش نے بی سی سی آئی کی ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی پیشکش قبول کر لی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ ڈے نائٹ ہو گا جو کہ ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔ ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کا آغاز 22 نومبر سے ہو گا۔ بنگلہ دیش اور بھارت پہلی مرتبہ گلابی گیند سے ٹیسٹ میچ کھیلیں گی۔ اس سے قبل دونوں ہی ٹیموں نے ڈے نائٹ ٹیسٹ نہیں کھیلا۔ سورو گنگولی کا کہنا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں اعزازی طور پر بھارت کے عظیم اولمپئنز کو بھی دعوت دی جائے گی جس میں میری کوم، ابھیناو بندرا اور سندھو شامل ہیں۔