پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے ڈرافٹ میں پہلے کھلاڑی کا انتخاب کرنے کے لیے مقامی روایتی انداز اپنانے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ ایڈیشنز میں آخری نمبر پر آنے والی ٹیم کو پہلے کھلاڑی منتخب کرنے کا موقع ملتا تھا۔ لاہور قلندرز نے پہلے چار ایڈیشنز میں پوائنٹس ٹیبل پر ہر بار آخری پوزیشن حاصل کی اور ڈرافٹ کی ہر کیٹگری میں انہیں پہلے کھلاڑی منتخب کرنے کا حق ملا لیکن گزشتہ سیزن میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ آئندہ طریقہ کار تبدیل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ڈرافٹ میں کس کی کونسی پِک ہو گی اس کا فیصلہ تین نومبر کو ہو گا۔ تقریب منفرد انداز میں گریٹر اقبال پارک یا قذافی اسٹیڈیم میں ہو گی۔ پہلی پِک کا فیصلہ اسٹریٹ کرکٹ کے اسٹائل میں کیا جائے گا جس کے لیے روایتی پگم پگائی والے یا بلے کے ساتھ باریاں نکالنے والے طریقے کو اپنایا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ باقی 17 پِکس ماضی کے طریقہ کار کے مطابق ہوں گی۔