حال ہی میں ریٹائر ہونے والے زمبابوے کے کرکٹر ہیملٹن مساکاڈزا کو زمبابوے کا ڈائریکٹر آف کرکٹ مقرر کر دیا گیا ہے۔ زمبابوے کرکٹ نے اگست میں ہونے والے اجلاس میں یہ نیا عہدہ تخلیق کیا تھا اور اس کے لیے سابق کپتان کو چنا گیا ہے۔ ہیملٹن مساکاڈزا کا کام قومی ٹیم پر نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے پلان اور مینجمنٹ پروگرامز بنانا ہوں گے۔
زمبابوے کرکٹ کے چیئرمین تونگوا موکھولانی کا کہنا ہے کہ ہیملٹن مساکاڈزا کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرجوش ہوں، پوری امید ہے کہ ان کے آنے کے بعد کرکٹ میں بہتری ہو گی اور مستقبل میں زمبابوے کی ٹیم پھر سے عروج حاصل کرے گی۔ ہیملٹن مساکاڈزا نے 19 سالہ کیریئر میں 68 ٹیسٹ، 209 ون ڈے اور 66 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں زمبابوے کی نمائندگی کی۔