آئی سی سی نے متعدد بار ہونے والی میچ فکسنگ کی آفرز کو رپورٹ نہ کرنے پر شکیب الحسن پر دو سال کی پابندی عائد کی۔ آل راؤنڈر پر پابندی لگنے کے بعد ان کے مداح سڑکوں پر احتجاج کرنے نکل آئے۔ شکیب الحسن نے پابندی لگنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ مجھے امید ہے میرے مداح اور جنہوں نے مجھے ہمیشہ سپورٹ کیا وہ اب بھی میرے ساتھ ہوں گے۔
تفصلات کے مطابق گزشتہ روز ماگور شہر میں شکیب الحسن کے مداحوں نے ان کے گھر کے سامنے آئی سی سی کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا۔ بنگلہ دیش پولیس کے مطابق شکیب الحسن کے گھر کے سامنے 700 سے زائد افراد نے دھرنا دیا۔
ڈھاکہ میں بھی آئی سی سی کے خلاف کرکٹ شائقین نے احتجاج کیا۔ بنگلہ دیش کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نئے کپتان محموداللہ نے بھی شکیب الحسن کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ان سے غلطی ہوئی ہے لیکن انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا۔