Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

قائد اعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ کے تینوں میچز ڈرا ہو گئے۔ کپتان سرفراز احمد کی نصف سنچری نے سندھ کو شکست سے بچا لیا۔ نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے میچ میں نو وکٹیں حاصل کیں۔
سینٹرل پنجاب کے 331 رنز کے تعاقب میں سندھ نے 58 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے تھے کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہو گیا۔ 75 منٹ کریز پر گزارنے والے سرفراز احمد نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔
پہلی اننگز میں چھ شکار کرنے والے نسیم شاہ نے دوسری اننگز میں تین وکٹیں حاصل کیں۔ جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں ناردرن اور سدرن پنجاب کے درمیان کھیلے جانے والا چار روزہ میچ بھی ڈرا ہوا۔
کھیل کے آخری روز ناردرن نے 309 رنز کی سبقت حاصل کر کے دوسری اننگز ڈکلیئر کی۔ اس سے قبل سدرن پنجاب کی ٹیم ناردرن کے 550 رنز کے جواب میں 453 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے درمیان میچ بھی نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکا۔ 306 رنز کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم کھیل کے اختتام تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز ہی بنا سکی۔