بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں بھارتی ٹیم کے مستقل کپتان ویرات کوہلی کو آرام دیا گیا ہے اور ٹیم کی قیادت اوپننگ بیٹسمین روہت شرما کریں گے۔ ایک طرف شکیب الحسن پر پابندی لگنے کی وجہ سے بنگلہ دیش کی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے وہیں دوسری جانب بھارتی ٹیم کے کپتان بھی پریکٹس کے دوران گھٹنے کے قریب گیند لگنے کی وجہ سے تکلیف میں مبتلا ہو گئے۔ دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں بھارتی ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران روہت شرما گھٹنے کے قریب گیند لگنے کے بعد شدید تکلیف میں دکھائی دیئے۔ ٹیم کے فزیوتھراپسٹ بھی روہت شرما کی تکلیف کم نہیں کر سکے اور وہ پریکٹس سیشن کے دوران ڈریسنگ روم میں چلے گئے جس کے بعد انہوں نے دوبارہ پریکٹس نہیں کی۔ دن کے اختتام پر ڈاکٹرز نے روہت شرما کو مکمل فٹ قرار دے دیا۔ وہ اتوار کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔