آسٹریلیا کے اوپننگ بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ڈیوڈ وارنر نے ایک سنچری اور دو نصف سنچریوں کے ساتھ سیریز میں کل 217 رنز اسکور کیے جس کی بدولت وہ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی دوطرفہ سیریز میں دوسرے سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔
انہوں نے افغانستان کے بیٹسمین حضرت اللہ زازائی کو پیچھے چھوڑا جنہوں نے آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں 204 رنز اسکور بنائے تھے۔ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز نیوزی لینڈ کے اوپننگ بیٹسمین کولن منرو کو حاصل ہے۔
کولن منرو نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 223 رنز بنا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ ڈیوڈ وارنر سری لنکا کے خلاف تینوں ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ایک مرتبہ بھی آؤٹ نہیں ہوئے۔ شاندار کارکردگی کی بدولت ڈیوڈ وارنر کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔