پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرنے کے بعد آئرلینڈ کی جانب دیکھنا شروع کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی مکمل واپسی کے لیے پی سی بی نے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں اور سری لنکا کے بعد پی سی بی نے آئرلینڈ کو دورہ پاکستان کی باضابطہ دعوت بھی دے دی ہے۔ دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان سیریز مستقبل کے ٹور پروگرام کا حصہ نہیں ہے لہٰذا دورے کی تفصیلات دونوں ٹیموں کی بین الاقوامی کرکٹ میں مصروفیت دیکھ کر طے کی جائیں گی۔ پی سی بی آئندہ سیزن میں آئرلینڈ کی میزبانی کے لیے پرامید ہے تاہم آئرلینڈ کرکٹ بورڈ کا جواب آنے کے بعد دورے کی تفصیلات طے کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ دسمبر میں سری لنکن ٹیم نے ایک بار پھر ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔