بھارتی براڈکاسٹرز نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو درخواست دی ہے کہ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو کمینٹری کرنے کی اجازت دی جائے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کو اس پر کوئی اعتراض تو نہیں ہے لیکن مفادات کے ٹکراؤ کے باعث دھونی کو اجازت دینے میں بورڈ ہچکچاہٹ کا شکار ہے۔ بھارتی بورڈ نے براڈکاسٹرز کو اب تک حتمی جواب نہیں دیا ہے۔ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل دھونی اجازت ملنے کے بعد ہی کمینٹری کے فرائض انجام دے سکیں گے۔ ایم ایس دھونی نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈکپ سیمی فائنل کے بعد سے ٹیم سے ڈراپ ہیں اور ان کا مستقبل بھی اب تک غیریقینی صورتحال کا شکار ہے۔ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان ڈے نائٹ ٹیسٹ 22 سے 26 نومبر تک کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔