ایشیائی ممالک میں کرکٹ کھیلنے کے لیے عمر میں فراڈ کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ بھارت، پاکستان اور سری لنکا جیسے ممالک میں جونیئر سطح پر عمر کم ظاہر کرنے کے کئی واقعات سامنے آئے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایسے واقعات کو کم کرنے کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کو ہیلپ لائن نمبر فراہم کر دیا ہے کہ جیسے ہی کسی کے کاغذات پر شک ہو تو فوری بورڈ کو اطلاع دی جائے۔ صرف یہی نہیں بلکہ اینٹی ڈوپنگ قوانین بھی سخت کیے جا رہے ہیں اور ان کی روک تھام کے لیے بھی ہیلپ لائن کا اجراء کیا جا چکا ہے۔ یہ تمام ہیلپ لائن نمبرز ڈومیسٹک کرکٹ کے دوران تمام ڈریسنگ رومز می بھی آویزاں کیے جائیں گے۔ ادویات کے استعمال پر رائے دینے کے لیے میڈیکل پینل بھی قائم کیا گیا ہے جو کسی بھی وقت کھلاڑیوں کی رہنمائی کے لیے دستیاب ہو گا۔