بابر اعظم کی کپتانی کا آغاز ان کے لیے ڈراؤنا خواب ہی ثابت ہوا۔ دورہ آسٹریلیا سے بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کمان سنبھالی۔ ایک میچ میں بارش نے بچا لیا تو دوسرے میں شکست ہو گئی جس کے بعد قومی بلے باز بابر اعظم کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے بابر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی میں مسلسل پرفارم کر رہے ہیں لیکن ان کا اسٹرائیک ریٹ اچھا نہیں ہے۔
عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں ہرانا بہت مشکل ہوتا ہے اور پاکستان نے بہت کم میچز میں کینگروز کو شکست دی ہوئی ہے مگر آسٹریلیا ناقابل تسخیر نہیں۔
عاقب جاوید نے کہا کہ جو ٹیم آسٹریلیا گئی ہے وہ اتنی مضبوط نہیں ہے، ہم فخر زمان پر انحصار کرتے ہیں اگر وہ اسکور نہ کرے تو بڑا ٹوٹل نہیں بنتا۔
عاقب جاوید نے شکست سے بچنے کے لیے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سلیکشن کمیٹی بہت پریشانی کا شکار ہے، کبھی نوجوان کھلاڑی اور کبھی سینیئر کھلاڑی منتخب کر لیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ کو لانگ ٹرم پلاننگ کرنا ہو گی، کھلاڑی کو کم از کم ایک سال کے لیے موقع دیا جانا چاہیے۔