بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں بلوچستان اور سدرن پنجاب کے مابین قائد اعظم ٹرافی کے چھٹے راؤنڈ کا میچ کھیلا گیا جو کہ دلچسپ انداز میں بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔ میچ کے آخری دن فالو آن کا شکار بلوچستان کی ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 30 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو ٹاپ آرڈر مکمّل ناکام ہو گیا۔ صرف 44 کے مجموعے پر بلوچستان کی آدھی ٹیم آؤٹ ہو چکی تھی جس کے بعد مڈل آرڈر بیٹسمین حسین طلعت اور وکٹ کیپر بیٹسمین بسم اللہ خان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو یقینی شکست سے بچایا۔ حسین طلعت اور بسم اللہ خان نے 239 گیندوں پر 167 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔ حسین طلعت نے 136 جبکہ بسم اللہ خان نے نصف سنچری اسکور کی۔ محمد اصغر اور تاج ولی نے آخری وکٹ کی شراکت میں 82 گیندوں پر 30 قیمتی رنز جوڑے۔ بلوچستان نے سدرن پنجاب کو 13 اوورز میں جیت کے لیے 89 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی ٹیم نے 2.3 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 11 رنز بنائے تھے کہ دونوں کپتانوں کی باہمی رضا مندی سے میچ کو بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا۔