انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پانچویں اور فیصلہ کن میچ نے ایک بار پھر ورلڈکپ فائنل 2019 کی یاد تازہ کر دی۔ ورلڈکپ فائنل کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پہلی مرتبہ سیریز کھیلی گئی اور اس سیریز کا اختتام بھی ورلڈکپ کے فائنل کی طرح ہوا جہاں پہلے میچ ٹائی ہوا اور پھر سپر اوور کے بعد انگلش ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ سیریز کے فیصلہ کن میچ میں مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 11 اوورز کے میچ میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز اسکور کیے تھے۔ جواب میں انگلش ٹیم نے بھی زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 11 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے اور میچ ٹائی ہو گیا۔ سپر اوور قانون کے مطابق انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کی اور ایک اوور میں 17 رنز بنا دیے۔ جواب میں میزبان ٹیم سپر اوور میں صرف 8 رنز ہی بنا سکی اور انگلینڈ نے میچ کے ساتھ ساتھ سیریز بھی 2-3 سے جیت لی۔