سابق وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف نے اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے انکشاف کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مجھے چیف سلیکٹر اور ہیڈکوچ کی دوہری ذمہ داری دینے کی پیشکش کی تھی لیکن میں صرف ایک عہدے پر کام کرنا چاہتا تھا۔ راشد لطیف نے کہا کہ جب مجھے آفر ہوئی تھی تو میں نے پی سی بی کو سمجھایا تھا کہ پاکستان میں مخلتف کلچر ہے، پاکستان نیوزی لینڈ نہیں ہے وہاں چند لوگ رہتے ہیں جس کی آبادی کراچی کے ضلع ملیر جتنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی الگ ہونی چاہیئے، میں بھی دونوں عہدے لے لیتا تو مزے ہو جاتے لیکن میں نے پی سی بی کو سمجھانے کی کوشش کی جو ان کی سمجھ میں نہیں آئی۔ راشد لطیف نے مصباح الحق کو چیف سلیکٹر اور ہیڈکوچ بنانے پر پی سی بی کو قصور وار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی سی بی کے بڑوں میں سمجھ بوجھ ہوتی تو ایسے فیصلے نہ ہوتے۔