قائد اعظم ٹرافی کے ساتویں راؤنڈ کے میچ میں سندھ کے خلاف فیضان ریاض نے ناردرن کو تباہی سے بچا لیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ناردرن نے سندھ کے خلاف پہلی اننگز میں 408 رنز اسکور کیے۔ ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
محض 15 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد ناردرن کی ٹیم دباؤ کا شکار ہو گئی جس کے بعد فیضان ریاض نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکال کر مستحکم پوزیشن پر پہنچا دیا۔
فیضان ریاض نے انفرادی طور پر سیزن کی پہلی اور مجموعی طور پر چھٹی ڈبل سنچری اسکور کی۔ مڈل آرڈر بیٹسمین نے 27 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 211 رنز بنائے۔
علی سرفراز 60 اور حماد اعظم 50 رنز اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔ سندھ کی جانب سے سہیل خان اور میر حمزہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ تابش خان اور حسن کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔