Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

ایمرجنگ ایشیاء کپ کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل 19 سالہ فاسٹ باؤلر عاکف جاوید کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع کرک سے ہے۔ کرک میں کرکٹ کے دلدادہ نوجوان، وسیع وعریض میدانوں میں کرکٹ کھیلتے دکھائی دیتے ہیں۔
ایسے ہی ایک نوجوان عاکف جاوید کی محنت اور لگن انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور لے آئی ہے جہاں وہ ایمرجنگ ایشیاء کپ میں حریف ٹیموں کو زیر کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔
مشکل حالات میں محنت کرنے والے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر عاکف جاوید اپنے والد کے ہمراہ ایک دکان پر کام کرتے تھے مگر کھیل کی محبت انہیں اپنی طرف کھینچ لائی۔
نوجوان کرکٹر کا کہنا ہے کہ ان کا تعلق ایک متوسط خاندان سے ہے، حالات کی تنگ دستی کے باعث چھوٹی عمر میں ہی والد کے ساتھ دکان پر بیٹھنا شروع کر دیا تھا مگر اس دوران بھی میری توجہ کھیل پر ہی ہوتی تھی۔
عاکف جاوید نے کہا کہ وہ شام کو محلے کے بچوں کے ساتھ ٹیپ بال کرکٹ کھیلنے کے لیے گراؤنڈ کا رخ کرتے تھے تاہم دوستوں کی خواہش پر گذشتہ سال ہارڈ بال کرکٹ کا آغاز کیا۔
این سی اے ریموٹ ایریاز پروگرام 2018 میں اوپن ٹرائلز کے دوران اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عاکف جاوید اس سے قبل بھی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں تربیت حاصل کر چکے ہیں۔