ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو ان کی ہوم سیریز میں ہی کلین سویپ کر دیا۔ ویسٹ انڈیز نے تین میچوں کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کی۔ تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
افغانستان کی جانب سے حضرت اللہ زازائی اور محمد نبی نے 50، 50 جبکہ اصغر افغان نے 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کی بدولت افغان ٹیم نے پچاس اوورز میں 249 رنز سات وکٹوں کے نقصان پر بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمو پال نے 3 جبکہ الزاری جوزف نے دو کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کیریبین ٹیم آغاز میں ہی لڑ کھڑا گئی مگر شائے ہوپ نے افغان بولرز کا بھرکس نکال دیا۔
انہوں نے تین چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے سنچری اسکور کی۔ روسٹن چیز نے 42، کپتان کیرون پولارڈ نے 32 اور برینڈن کنگ نے 39 رنز جوڑے۔ شائے ہوپ کو زبردست پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔